بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھی ہندو انتہا پسندی کا شکار

ممبئی: سابق کرکٹر و ریاستی وزیر نوجوت سنگھ سدھو کے بعد پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھی ہندو انتہاپسندی کا شکار ہو گئیں۔






خیال رہے کہ دو روز قبل ثانیہ مرزا نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹوئٹر پیغام شیئر کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کیوں نامور شخصیات کو کسی بھی حملے پر حب الوطنی کا ثبوت سوشل میڈیا پر مذمت کرکے دینا ضروری ہے؟

انہوں نے لکھا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ سوشل میڈیا پر چیخ چلا کر ثبوت دیا جائے ، میں اپنے ملک کے لیے کھیلتی ہوں اور یہی میری اپنے ملک کے لیے خدمات ہیں۔  


واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں غاصب بھارتی فوج پرحملے میں 44 اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بھارت روایتی پاکستان دشمنی پر اتر آیا اور اس کی جانب سے تحقیقات کے بغیر پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب بھارتی سینما انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں اور دیگر تمام عملے پر مشتمل آل انڈیا سِنے ورکرز ایسوسی ایشن نے پلوامہ حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں اور اداکاروں پر مکمل طور پر پابندی لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔